جموں: جموں کے رہاڑی علاقے میں 10 مئی کی صبح اس وقت قیامت صغریٰ بپا ہو گئی اور شہری خوفزدہ ہوئے جب پاکستان کی جانب سے اچانک شیلنگ کی گئی۔ اس حملے میں متعدد رہائشی ڈھانچوں، گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ رپورٹس کے مطابق تین عام شہری بھی زخمی ہوئے تھے۔ رہاڑی کے باشندوں نے شیلنگ کو ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے دونوں جوہری ممالک - بھارت اور پاکستان - کے مابین طے ہوئے سیز فائر کا خیر مقدم کیا۔
رہاڑی، جموں کے باشندوں کے مطابق: ’’اچانک دھماکوں سے علاقہ لرز اٹھا، لوگ خوفزدہ ہوئے اور جان بچانے کے لیے بھاگنے لگے۔‘‘ لوگوں کے مطابق ’’ہم نے سال 1971کے دوران خوف و دہشت، بم دھماکوں کے بارے میں بزرگوں سے صرف سنا تھا، آج اس ڈر اور خوف کا ہم نے از خود مشاہدہ کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دیرپا امن کے خواہاں ہیں تاہم مقامی باشندے ہمیشہ بھارتی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔